نفلی عبادت کرنے کی فضیلت
 
اللہ تعالی قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے
اور میں نے جن اور انسان کو اسی واسطے پیدا کیا ہے کہ میری عبادت کریں۔
( سورة الذاريات آیت (۵۶)
 
عبادت الہی کرنے کے بارے میں ایک حدیث پاک میں آتا ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور سرور کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ

اسلام یہ ہے کہ تو گواہی دے اس امر کی کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور
 محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور تو نماز ادا کرے زکوۃ دے رمضان کے روزے رکھے اور خانہ کعبہ کا حج کرےاگر تو اس کی استطاعت رکھتا ہو ۔ (مسلم شریف)

اللہ تعالیٰ نے جس عبادت کو ہر مسلمان مرد و عورت کے لیے لازمی قرار دیا ہے اس کی ادائیگی کرنا ہر ایک پر فرض ہے۔ فرض عبادت کے ساتھ ساتھ نفلی عبادت کرنے کی بھی بہت زیادہ فضیلت ہے۔ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کثرت سے نفلی عبادت کی ہے۔ آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی سنت مطہرہ کی اتباع کرتے ہوئے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور اولیاء کرام رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین  نے نفلی عبادت کو بڑے ذوق و شوق سے ادا کیا ہے 

بلا شبہ اگر کبھی کوئی خطا ہو جائے یا کوئی گناہ سرزد ہو جائے تو اللہ تعالیٰ کے حضور معافی مانگنے اور نفلی عبادات کے ذریعے بارگاہ الہی میں قربت حاصل کر کے عجز و انکساری سے رجوع الی اللہ کرتے ہوئے آئندہ سے خلوص قلب سے تو بہ واستغفار کی جائے تو پروردگار عالم اپنے فضل و کرم سے نوازتا ہے۔ 

مسلم شریف کی ایک طویل حدیث میں حضور سرور کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ

اے میرے بندو ! تم رات میں اور دن میں گناہ کرتے ہو اور میں سارے گناہ معاف کر
 سکتا ہوں ۔ پس مجھ سے معافی مانگو میں تمہیں معاف کر دوں گا ایک اور حدیث پاک میں حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور سرور کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ

اللہ تعالیٰ رات کو اپنا ہاتھ پھیلاتا ہے تا کہ جس شخص نے دن میں کوئی گناہ کیا ہے وہ رات میں اللہ تعالیٰ کی طرف پلٹ آئے اور دن میں وہ اپنا ہاتھ پھیلاتا ہے تا کہ رات میں اگر کسی نے گناہ کیا ہے تو وہ دن میں اپنے پروردگار کی طرف پلٹے اور گناہوں کی معافی مانگے۔ حتی کہ سورج مغرب سے طلوع ہو۔ یعنی قیامت آجائے
 (مسلم شریف)

 ہذا میں نفلی عبادات کے ضمن میں نفل نمازوں، نفلی روزوں اور وظائف کا بیان اسلامی سال کے ہر مہینے کی فضیلت و شان کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مشہور نفلی نمازوں کے فضائل اور ان کی ادائیگی کے اوقات و طریقہ کار کا بیان بھی نہایت عقیدت و محبت سے کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے سات دنوں کے حوالے سے ہر دن کی اہمیت و فضیلت کی روشنی میں نفلی عبادات کو بھی ہذا کی زینت بنایا گیا ہے تا کہ ہر مسلمان مرد و عورت اپنے روز مرہ کے معمولات میں اس سے استفادہ کرتے ہوئے نفلی عبادات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل کر کے ثواب عظیم پائے اور اپنی زندگی صراط مستقیم پر چلتے ہوئے گزارے۔

اللہ پاک ہمارے علم عمل میں برکتیں نصیب فرمائے 
آمین ثم آمین یا رب العالمین






 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے
 مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔