رجب المرجب کی پہلی جمعرات

رجب المرجب کے مہینہ کی پہلی جمعرات کو عبادت الہی کرنے سے بے شمار ثواب حاصل ہوتا ہے۔ ایک حدیث پاک میں آتا ہے کہ حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام نے فرمایا اس مہینہ میں خاص طور پر مغفرت ہوتی ہے اس مہینہ میں خونریزی سے بچایا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس مہینہ میں اپنے انبیاء کرام کی دعاؤں کو قبول فرمایا اور اسی مہینہ میں اپنے دوستوں کو دشمنوں سے رہائی عطا کی ۔ جس نے اس مہینہ کے روزے رکھے تو اس نے اللہ تعالیٰ کے ذمہ تین چیزیں واجب کرلیں، گزشتہ تمام گناہوں کی معافی آئندہ عمر میں ہونے والے گناہوں سے بچاؤ اور تیسرے یہ کہ روز قیامت پیاسے ہونے کا خطرہ باقی نہ رہے گا۔ یہ سن کر ایک بوڑھا شخص کھڑا ہوا اور عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ! ( ضعف کی وجہ سے ) میں پورے مہینےکے روزے نہیں رکھ سکتا ۔ آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے فرمایا، اول تاریخ، درمیانی تاریخ اور آخری تاریخ کا روزہ رکھ لیا کرو تمہیں پورے مہینے کے روزوں کا ثواب عطا ہوگا۔ کیونکہ ( اس مہینہ میں ) ہر نیکی کا ثواب دس گنا ہے لیکن رجب کے پہلے جمعتہ المبارک کی شب سے غفلت نہ کرنا کیونکہ یہ شب ایسی ہے کہ ملائکہ اس شب کو لیلتہ الرغائب(یعنی مقاصد کی شب ) کہتے ہیں۔ جب اس رات کی پہلی تہائی گزر جاتی ہے تو تمام آسمانوں اور زمینوں میں کوئی فرشتہ ایسا باقی نہیں رہتا جو خانہ کعبہ یا اطراف کعبہ میں جمع نہ ہو جائے ۔ اس وقت پروردگار عالم تمام فرشتوں کو اپنے دیدار سے مشرف کرتا ہے اور ارشاد فرماتا ہے کہ مجھ سے مانگو جو چاہو ۔ فرشتے عرض کرتے ہیں یا اللہ ! ہماری عرض یہ ہے کہ تو رجب المرجب کے روزہ داروں کو بخش دے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میں نے ان کو بخش دیا۔

اس کے بعد حضور نبی کریم علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ جس نے رجب المرجب کی پہلی جمعرات کو روزہ رکھا اور اس کی شب (یعنی افطاری کے بعد ) مغرب وعشاء کی نماز کے درمیان بارہ رکعتیں (اس طرح سے ) پڑھیں کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین مرتبہ سورہ القدر اور بارہ مرتبہ سورہ اخلاص پڑھی اور ہر دو رکعت کے بعد سلام پھیرا اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد مجھ پر ستر مرتبہ درود پاک پڑھا اور (درود پاک پڑھ کر ایک سجدہ کیا اور سجدے میں ستر مرتبہ سُبُّوحٌ قُدُوسٌ رَبُّ الْمَلَئِكَةِ وَالرُّوحِ پڑھ کر سجدے سے سر اٹھایا

اور ستر مرتبہ یہ دعا پڑھی


رَبِّ اغْفِرُوا رُحَمُ تَجَاوَزْ عَنَّا نَعْلَمَ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الا عُظَمُ 


یہ دعا پڑھنے کے بعد جو پہلے سجدہ کی طرح دوسرا سجدہ کیا اور سجدہ کی حالت میں ہی اللہ تعالی سے اپنی سے مراد مانگی تو اس کی مراد پوری کر دی جائے گی۔

حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا اس ذات کی قسم ! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ جو بندہ یہ نماز پابندی سے پڑھے گا اللہ تعالٰی اس کے تمام گناہوں کو معاف فرمادے گا۔ خواہ وہ سمندر کے جھاگ ریت کے ذرات کے برابر یا پہاڑوں کے ہم وزن ہوں یا بارش کے قطروں اور درختوں کے پتوں کے برابر گنتی میں ہوں۔ قیامت کے روز اپنے گھر کے ( یعنی اپنے خاندان کے ) سات سو افراد کے حق میں اللہ تعالیٰ کی شفاعت قبول فرمائے گا اور جب قبر میں اس کی پہلی رات ہوگی تو اس نماز کا ثواب اچھی شکل اور اور فصیح زبان کے ساتھ اس کے سامنے آئے گا اور اسے کہے گا اے میرے پیارے ! تجھے خوشخبری ہو یقینا تو ہر شدت اور سختی سے نجات میں رہے گا۔ وہ شخص پوچھے گا تو کون ہے؟ میں نے تیرے چہرے سے زیادہ خوبصورت کوئی چہرہ نہیں دیکھا۔ تمہاری خوش کلامی سے زیادہ کسی کا کلام نہیں پایا اور نہ تمہاری خوشبو سے بڑھ کر کسی کی خوشبو میں نے سو نگھی ۔ وہ جواب دے گا اے میرے پیارے! میں تمہاری اس نماز کا ثواب ہوں جسے تو نے فلاں سال فلاں مہینہ میں پڑھا تھا۔ آج میں اس لیے آیا ہوں کہ تیری مراد پوری کروں اور تیری تنہائی کا ساتھی بنوں، تجھ سے وحشت کو دور کروں۔ جب قیامت کے دن صور پھونکا جائے گا تو محشر کے عرصہ میں میں تیرے سر پر سایہ کروں گا۔ پس تو خوش ہو جا تو اپنے آقا کی جانب سے بھی اپنی نیکی کو ضائع نہیں دیکھےگا۔ 

(یعنی تیری کوئی نیکی ضائع نہ ہوگی۔)

ایک روایت میں آتا ہے کہ جب رجب کے پہلے جمعہ کی ایک تہائی شب گزرتی ہے تو کوئی فرشتہ باقی نہیں رہتا مگر سب رجب کے روزہ داروں کے لیے بخشش کی دعا کرتے ہیں۔





 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے
 مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔
 نشاندہی کےلیے ہم آپ کے بے حد مشکور ہوں گے ۔ آپ کا بہت شکریہ
tajservices99@gmail.com